بالی وڈ سٹار عامر خان پیر کو 51 سال کے ہو گئے۔ انھوں نے اپنا یوم پیدائش میڈیا کے سامنے منایا اور بنارس میں مکان خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بھارتی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے وارانسی یعنی بنارس میں اپنی والدہ کے آبائی مکان کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
’عامر خان تو بھاگ جائے گا، غریب کہاں جائے گا‘
اخباری نمائندوں کے سامنے ہی انھوں نے کیک کاٹا اور پھر نئے عہد کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’آج میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ کاش میں اپنی ماں کو ان کا وارانسی والا مکان خرید کر دے سکوں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’میری ماں نے بنارس میں اپنا بچپن گزارا ہے۔ جب سے مجھے اس کا علم ہے تب سے میرے دل میں یہ خیال ہے کہ میں وہاں کے لوگوں سے اس گھر کو دینے کی درخواست کروں۔‘
وارانسی کو ’انتہائی خوبصورت اور تاریخی‘ شہر قرار دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ وہاں گھر لینے کے لیے انتظار نہیں کر سکتے۔
خیال رہے کہ عامر خان اپنی ہر سالگرہ پر کوئی نہ کوئی عہد کرتے ہیں لیکن انڈین ایکسپریس اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی نے کہا کہ وہ ہمیشہ اس کو نبھانے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔
فیصل نے کہا کہ ’وہ ہمیشہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن اور اپنے عہد میں ناکام ہو جاتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ اس بار یہ عہد کریں اور اسے پورا بھی کریں۔‘
اطلاعات کے مطابق انھیں ابھی امریکہ میں ہونا چاہیے تھا کیونکہ وہ پہلوانی پر مبنی فلم ’دنگل‘ کے لیے بڑھائے جانے والے اپنے 25 کلو وزن کو کم کرنے کے لیے وہاں تھے لیکن وہ اپنی ماں کے ساتھ یوم پیدائش منانے کے لیے قدرے جلدی آ گئے۔
انھوں رپورٹرز سے کہا کہ مہا بھارت میں ان کا پسندیدہ کردار ’بھگوان کرشن اور کرن‘ ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عامر خان کو ’بھارت میں عدم رواداری کے ایک بیان پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا کے مطابق انھوں نے اپنے بیٹے آزاد کے نام کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر ’آزاد پاپا سے محبت کرتا ہے‘ لکھا تھا۔
Comments are closed.