سام سنگ نے نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کر دی

سنگاپور میں ایک لیب ٹیسٹ کے دوران متبادل نوٹ 7 کی بیٹری بھی پھٹ گئی

سنگاپور میں ایک لیب ٹیسٹ کے دوران متبادل نوٹ 7 کی بیٹری بھی پھٹ گئی

جنوبی کوریا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ‘سام سنگ’ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنے جدید ترین سماٹ فون ‘گلیکسی نوٹ سیون’ کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کر دی ہے۔

سام سنگ نے یہ فیصلہ صارفین کی جانب سے ان شکایات کے بعد کیا ہے گیلیسکی نوٹ سیون کا استعمال محفوظ نہیں کیونکہ اس فون کو آگ لگ جاتی ہے۔

نوٹ سیون کی پروڈکشن بند کرنے کے اعلان سے قبل کپمنی نے کہا تھا وہ اس ماڈل کی فروخت ختم کر رہی ہے۔

سام سنگ کا کہنا تھا کہ گیلیکسی نوٹ سیون’ سے متعلق شکایات کا تفصیلی جائزہ لینے اور کوالٹی کنٹرول کو برقرار رکھنے کی غرض سے ہم نے اس ماڈل کی پیدوار میں حال ہی میں دوبارہ رد وبدل کیا تھا۔ لیکن صارفین کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے، ہم اس حتمی فیصلے پر پہنچے ہیں کہ گیلیسکی نوٹ سیون کی پیداوار روک دی جائے۔

سام سنگ کے اس فیصلے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ کمپنی اپنے صارفین کو یہ سہولت فراہم کرے گی کہ وہ اپنے نوٹ سیون فون کے بدلے میں رقم لے لیں یا سام سنگ کا کوئی دوسرا فون لے لیں۔

سام سنگ
کمپنی کا کہنا ہے کہ انھوں نے دنیا بھر میں نوٹ 7 کی فروخت روک دی ہے۔

کمپنی اس وقت اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ نوٹ سیون فونز کی بیٹری پھٹنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد وہ فونز جو متبادل کے طور پر صارفین کو دیے گئے تھے اور محفوظ قرار دیے گئے تھے، وہ بھی کیسے پھٹنے لگے ہیں۔

یاد رہے کہ ستمبر میں سام سنگ نے تقریباً 25 لاکھ نوٹ 7 فون صارفین سے واپس منگوا لیے تھے اور انھیں متبادل فون فراہم کیے تھے جو محفوظ قرار دیے گئے تھے۔ نوٹ 7 کے ابتدائی ورژن میں یہ شکایت پائی گئی تھی کہ چارجنگ کے دوران اس کی بیٹری پھٹ جاتی ہے۔

تاہم اب ان متبادل فونز کی بھی بیٹری پھٹے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

امریکی ریاست کنٹکی میں ایک شخص نے نوٹ سیون سام سنگ سے تبدیل کروایا پھر بھی چند ہی روز کے بعد ایک رات اس کے فون سے چارجنگ کے دوران اتنا دھواں نکالا کہ پورا کمرا بھر گیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ امریکہ میں ایک پرواز کے دوران بھی پیش آیا۔

سام سنگ
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے دنیا بھر میں نوٹ 7 کی تمام سیلز روک دی ہیں

کمپنی کا کہنا ہے کہ ’صارفین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اس لیے ہم دنیا بھر میں تمام ٹیلی فون کمپنیوں اور دکان داروں سے کہیں گے کہ وہ گیلیکسی نوٹ 7 کی فروخت اور تبدیلی روک دیں۔

’جن صارفین کے پاس پرانا نوٹ 7 یا تبدیل کیا گیا نوٹ 7 فون ہے، وہ اسے آف کر دیں اور استعمال نہ کریں۔‘

نوٹ 7 فون میں مسئلہ کیا ہے؟

نوٹ 7 سمیت بیشتر سمارٹ فونز میں لیتھیئم کی بیٹری پائی جاتی ہے اور وقت مختلف کمپنیوں کے درمیان بیٹریوں کا سائز چھوٹا کرنے، ان کا وزن ہلکا کرنے اور ان کی چارجنگ کی صلاحیت کو تیز تر کرنے کی دوڑ جاری ہے۔ سام سنگ کے معاملے میں بظاہر بیٹری میں شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے وہ گرم ہو کر پھٹ جاتی ہے اور فون بھی تباہ ہو جاتا ہے۔

اس سے کتنے لوگ متاثر ہوئے ہیں؟

سام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ تقریباً 25 لاکھ فونز میں ہو سکتا ہے۔ نوٹ 7 ایس ورژن کے تقریباً 45 ہزار فونز یورپ میں پری سیلز کے ذریعے بیچے گئے جن میں سے 75 فیصد تبدیل کیے جا چکے ہیں۔

سام سنگ
بظاہر نوٹ 7 کی بیٹری میں شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے وہ گرم ہو کر پھٹ جاتی ہے اور فون بھی تباہ ہو جاتا ہے

سام سنگ اور ایپل کی دوڑ

سام سنگ کے نوٹ 7 کا مقصد ایپل کے آئی فون 7 کا مقابلہ کرنا تھا جو چند ہفتے پہلے ہی مارکیٹ میں متعارف کروایا گیا ہے۔ نوٹ 7 ابتدا میں تو بہت پسند کیا گیا تاہم بیٹری کے مسائل اور ان مسائل کے بار بار سامنے آنے سے اب سام سنگ کی ساکھ کو نقصان پہنچنے لگا ہے۔

سام سنگ کے حصص کی قیمت گری ہے اور ایپل کو اس بہت فائدہ پہنچا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سارے معاملے سے سام سنگ کے فونز کو ہی نہیں بلکہ پورے برانڈ کو نقصان ہو گا اور اس کی دیگر مصنوعات کی سیلز میں بھی کمی متوقع ہے۔

امریکی حکام نے بھی لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سام سنگ کی جانب سے دیے گئے متبادل فون استعمال نہ کریں۔

Comments are closed.