ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان رواں سال 27 دسمبر کو اپنی محبوبہ لولیا وینتر سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اپنی جاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے معاشقوں کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم نگری کی صف اول کی اداکاراؤں کے ساتھ ان کے معاشقے رہے ہیں جس میں اداکارہ سنگیتا بجلانی، ایشوریا رائے بچن اور کترینہ کیف شامل ہیں جب کہ سلو میاں فلم نگری کے واحد کنوارے صف اول کے اداکار ہیں جن کی شادی کی خبریں ہمیشہ گردش میں رہتی ہیں تاہم اب سلو میاں کی شادی کی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنی بیمار والدہ کی خواہش پر شادی کے لیے رضا مندی ظاہر کی تھی جس کے بعد ان کی رومانیہ کی ماڈل گرل لولیا وینتر کے ساتھ منگنی کی خبریں سامنے آئیں تھی جس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی تاہم اب سلمان خان کے قریبی دوست نے رواں سال دسمبر میں سلو میاں کی شادی کی نوید سنادی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ خان کے قریبی دوست کے مطابق سلمان خان اپنی غیر ملکی محبوبہ اور رومانیہ کی ماڈل گرل لولیا وینتر کے ساتھ اپنی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر 27 دسمبر کو شادی کریں گے جس کے لیے سلو میاں کے گھر والوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے نزدیک سالگرہ کا دن ان کے لیے انتہائی اہم ہے اور اسی وجہ سے شادی کا فیصلہ بھی اسی دن کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’سلطان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
Comments are closed.