ٹی 20 ورلڈ کپ: احمد شہزاد، صہیب مقصود، عمر گل ڈراپ

ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلنا ہے جبکہ 19مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہے

ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلنا ہے جبکہ 19مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہے

بنگلہ دیش میں رواں ماہ کھیلے جانے والے ایشیا کپ اور بھارت میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ان مقابلوں کے لیے ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑی محمد نواز اور رومان رئیس پہلی مرتبہ قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ان کے علاوہ سلیکشن کمیٹی نے اوپنر خرم منظور کو پہلی بار ٹی 20 فارمیٹ میں منتخب کر لیا ہے۔

وہ اس سے قبل 16 ٹیسٹ اور سات ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ 2014 میں جبکہ آخری ون ڈے 2009 میں کھیلا تھا۔

خرم منظور نے اس سیزن میں کھیلے گئے قومی ایک روزہ کپ میں دو سنچریاں بنانے کے علاوہ گذشتہ ماہ پاکستان اے کی طرف سے انگلینڈ لائنز کے خلاف بھی سنچری سکور کی تھی۔

مسلسل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر احمد شہزاد بالآخر ڈراپ کر دیے گئے ہیں جبکہ ان کے علاوہ عمر گل، محمد رضوان اور صہیب مقصود وہ کھلاڑی ہیں جو سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑی محمد نواز ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں

پاکستانی سکواڈ شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، خرم منظور، شعیب ملک، سرفراز احمد، عمر اکمل، افتخار احمد، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، انور علی، وہاب ریاض، محمد عرفان، محمد نواز اور رومان رئیس پر مشتمل ہے۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 24 فروری سے چھ مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 بھارت میں نو مارچ سے شروع ہوگا۔

شیڈول کے مطابق ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلنا ہے جبکہ 19مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہے۔

خیال رہے کہآئی سی سی ورلڈ ٹی20 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستانی ٹیم بھارت نہ جا سکی تو ممکن ہے کہ اس کے میچ کسی تیسرے ملک میں ہوں۔

Comments are closed.