بلوچستان:انڈین ڈش ریسیورز کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن

بھارتی ڈی ٹی ایچ کی فروخت پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشنA -33کے منافی ہے

بھارتی ڈی ٹی ایچ کی فروخت پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشنA -33کے منافی ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ ( ڈش ریسیورز) کی فروخت اور سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کوئٹہ سے جاری ہونے والے ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے یہ ہدایت سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے خصوصی ملاقات کی تھی ۔ جس میں ان کی توجہ انڈین ڈی ٹی ایچ کے استعمال، فروخت اور اسمگلنگ کی جانب مبذول کرائی تھی۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین پیمرا نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی تھی کہ بلوچستان میں بھارتی ڈی ٹی ایچ کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں۔

ڈش ریسیورز
بلوچستان کی مارکٹیوں میں بکنے والے غیرقانونی بھارتی ڈش ریسیورز

اعلامیے میں کہا گیا ہے انڈین ڈی ٹی ایچ کی فروخت پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشنA -33کے منافی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر تمام علاقوں میں غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی فروخت اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر بھر پور طریقے سے کاروائی کے لیے کہا ہے۔

Comments are closed.