نواز شریف اور عمران خان کو میچ دیکھنے کی دعوت

160215092039_najam_sethi_psl_tweet_640x360_twitter_nocredit

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے روح و رواں نجم سیٹھی نے پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف اور حزبِ اختلاف کی جماعت کے رہنما عمران خان کو ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے دونوں رہنماؤں کو سیاست کو ایک طرف رکھ کر کرکٹ کے کھیل سے لطف اندوز ہونے کو کہا ہے۔

نجم سیٹھی نے لکھا کہ ’میں پی سی بی کے پیٹرن نواز شریف اور ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان کو 23 فروری کو پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے مدعو کرتا ہوں۔ حضرات، سیاست ایک طرف رکھیں اور کرکٹ دیکھیں۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نے ایک اور پیغام میں پاکستان سپر لیگ کے شائقین سے بھی کہا کہ وہ ان کے اس دعوت نامے کو ٹرینڈ بنائیں تاکہ یہ پیغام ان دونوں سیاست دانوں تک پہنچ جائے۔

160215092122_najam_sethi_psl_tweet_640x360_twitter_nocredit

ایک صارف کی جانب سے مطلع کیے جانے پر کہ وزیرِ اعظم نواز شریف تو ٹوئٹر پر موجود ہی نہیں، نجم سیٹھی نے ٹوئٹر پر سرگرم ان کی بیٹی مریم نواز شریف کو مخاطب کر کے اپنا پیغام نواز شریف تک پہنچانے کو کہا۔

’کیا مریم نواز شریف اس عوامی مطالبے کو سن رہی ہیں کہ وزیرِ اعظم نواز شریف 23 فروری کو پی ایس ایل کے فائنل میں موجود ہوں؟‘

پاکستان سپر لیگ دو بار التوا کا شکار ہونے کے بعد بالاآخرحقیقت کا روپ دھارنے میں کامیاب ہوئی ہے اور اب تک یہ ٹورنامنٹ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

اس ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔

Comments are closed.