ایم کیو ایم کے دو مزید اراکین منحرف

مصطفی کمال نے الطاف حسین پر انتہائی خوفناک الزامات عائد کیے تھے

مصطفی کمال نے الطاف حسین پر انتہائی خوفناک الزامات عائد کیے تھے

متحدہ قومی موومنٹ کے عزیزآباد سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی افتخار احمد اور رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے جعمرات کو ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔

افتخار احمد اور وسیم آفتاب نے ایک پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے وہ سب الزامات دہرائے جو اس سے قبل مصطفیٰ کمال ، انیس قائم خانی اور ڈاکٹر صغیر احمد ایم کیو ایم اور اس کی قیادت کے خلاف عائد کر چکے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے وسیم آفتاب اور افتخار احمد کو اپنی پارٹی میں، جس کو ابھی تک کوئی نام نہیں دیا گیا، شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

وسیم آفتاب کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا کارکن جہاں کھڑا ہو جاتا ہے تو عام آدمی وہاں سے دو قدم پیچھے ہٹ جاتا ہے، ایم کیو ایم کا نام آتے ہی لوگوں کے ذہن میں کیا خیال آتا ہے، یہ سب کو پتہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ جن مایوسیوں اور ظلم و زیادتیوں کے ساتھ تنظیم میں شامل ہوئے تھے وہ شاید آج بھی جاری ہیں۔ وسیم آفتاب نے کہا کہ لوگوں کو یقین تھا کہ شاید یہی وہ جماعت اور قیادت ہے جو قوم کو مشکل سے نکالےگی اور اسی یقین کے ساتھ 15 ہزار لوگ زمین کی گود میں چلے گئے، ہزاروں لوگ جلا وطن ہوگئے، بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہوگئیں۔

یاد رہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں مصطفیٰ کمال کی حمایت میں پوسٹر اور وال چاکنگ کی گئی ہے، جن میں انھیں امید کی کرن لکھا گیا ہے۔ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں باغ جناح میں جلسہ عام بھی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Comments are closed.